راولپنڈی ۔5جولائی (اے پی پی):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے کمانڈر ترکیہ لی ڈ فورسزجنرل موسی اوسیور، کمانڈر ترک لینڈ فورسز نے ملاقات کی جس میں سلامتی اور علاقائی امور کے علاوہ افغانستان میں تازہ ترین پیش رفت کے علاوہ دوطرفہ فوجی مصروفیات اور تعاون کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فریقوں نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ آل ویدر فرینڈ ہونے کے ناطے، پاکستان اور ترکیہ گہرے اسٹریٹجک تعلقات قائم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک دوستانہ تعلقات اور بھائی چارے کے گہرے جذبے کی عظیم تاریخ رکھتے ہیں جو پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو رہی ہے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ قریبی فوجی اور سٹریٹجک تعاون کے حصول میں دونوں ممالک تمام قومی اور بین الاقوامی مسائل پر مشترکہ تاثر رکھتے ہیں۔
معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان ڈیفنس فورسز کی کامیابیوں، قربانیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے کردار کو تسلیم کرنے پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=316036