راولپنڈی۔4ستمبر (اے پی پی):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے قطر کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے ہائر ملٹری کوآپریشن کمیٹی (ایچ ایم سی سی) کے دوسرے اجلاس میں شرکت کی۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی اورچیف آف سٹاف قطر آرمڈ فورسز لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ)جاسم محمد احمد المانال سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان علاقائی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور علاقائی و عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے دونوں برادر ممالک کے تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا اور ہائر ملٹری کوآپریشن کمیٹی کے تحت دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں مستقبل میں تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔
قطر کی سول اور عسکری قیادت نے خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاکستان کے کلیدی اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان آرمی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کی تعریف کی ۔ قبل ازیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے قطر آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔