چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری سے چین کی روڈ اینڈ برج کارپوریشن کے نائب صدر کی قیادت میں وفد کی ملاقات

59
چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری سے چین کی روڈ اینڈ برج کارپوریشن کے نائب صدر کی قیادت میں وفد کی ملاقات
چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری سے چین کی روڈ اینڈ برج کارپوریشن کے نائب صدر کی قیادت میں وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت/چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) عاطف بخاری سے چین کی روڈ اینڈ برج کارپوریشن کے نائب صدر شن یاؤ گاؤ کی قیادت میں ایک وفد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی ہے۔ سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر راشاکئی خصوصی اقتصادی زون میں ترقیاتی کام اور مارکیٹنگ کی منصوبہ بندی سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شن یاؤ گاؤ نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری کو بتایا کہ راشاکئی ایس ای زیڈ میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے اور اس حوالہ سے متعلقہ ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ راشاکئی خصوصی اقتصادی زون میں کمپنیوں کو زمین کی فراہمی، اس کو جلد از جلد آپریشنل بنانے کیلئے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے حوالہ سے مارکیٹنگ کی جارحانہ حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خصوصی زون میں خدمات کی فراہمی کے معیار اور حکومت پاکستان کی طرف سے سرمایہ کاری کے فروغ پر مراعات کے باعث راشاکئی ایس ای زیڈ صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کا ایک اہم مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مزید برآں راشاکئی خصوصی اقتصادی زون چین۔پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت تعمیر کیا جانے والا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے اور اس کی کامیابی سے پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین عاطف بخاری نے چینی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ چین کی روڈ اینڈ برج کارپوریشن (سی آر بی سی) راشاکئی ایس ای زیڈ میں بہترین معیار کا کام کر رہی ہے۔ خصوصی اقتصادی زون میں بھرپور سرمایہ کاری کو متوجہ کرنے کے حوالہ سے انہوں نے شن یاؤ گاؤ کی مارکیٹنگ کی جارحانہ حکمت عملی سے بھی اتفاق کیا جس سے سرمایہ کاروں کو سہولتوں اور مراعات سے آگاہی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے چینی وفد کو بتایا کہ راشاکئی ایس ای زیڈ کیلئے دو بڑی مراعات کی بھی منظوری ہو چکی ہے جس کے تحت سرمایہ کاروں کو کیپٹل مصنوعات پر کسٹمز اور ڈیوٹی کی معافی اور 1.5 فیصد ٹرن اوور ٹیکس کی معافی حاصل ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی مقامی کمپنیوں نے بھی راشاکئی ایس ای زیڈ میں صنعتوں کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ملاقات کے موقع پر فریقین نے خصوصی زون میں چینی صنعتوں کے قیام پر بھی گفتگو کی۔ چینی سرمایہ کاروں کو سہولیات اور مراعات سے آگاہ کرنے کے حوالہ سے عاطف بخاری نے سی آر بی سی کی تجویز پر ویبنار میں شرکت پر آمادگی بھی ظاہر کی۔ عاطف بخاری نے چینی وفد کو ہدایت کی کہ راشاکئی سمیت دیگر ایس ای زیڈز میں چینی صنعتوں کی منتقلی کے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے۔

اس موقع پر چینی وفد نے سی آر بی سی کے کراچی میں جاری میگا منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے پاکستان میں سی آر بی سی کے کام کو سراہا اور یقین دلایا کہ بی او آئی اس حوالہ سے متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بورڈ پاکستان کی معاشی ترقی کے فروغ کیلئے سی آر بی سی کے ساتھ مل کر اقدامات کیلئے پرعزم ہے۔ ملاقات کے اختتام پر شن یاؤ گاؤ نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ عاطف بخاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سی آر بی سی پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی۔