چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے دورہ گوادر کے لئے این او سی کا معاملہ داخلہ کمیٹی کو بھجوا دیا، اس معاملہ کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کی سفارش کی جائے، چیئرمین کی ہدایت

85

اسلام آباد ۔ 24 ستمبر (اے پی پی)چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے بالخصوص غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے گوادر کے دورہ کے سلسلہ میں این او سی کے حصول کا معاملہ سینٹ کی داخلہ کمیٹی کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس معاملہ کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کی سفارش کی جائے۔ منگل کو سینٹ سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینٹ نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ اس معاملہ کا ایسا حل تلاش کیا جائے کہ قومی سلامتی پر سمجھوتہ بھی نہ ہو اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مشکل کا سامنا بھی نہ کرنا پڑے۔ چیئرمین نے کمیٹی کو ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔