اسلام آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی)چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے بلوچستان کے طلبا کے لئے سعودی حکومت کی جانب سے سکالرشپس دینے پر سعودی حکومت اور سعودی ولی عہدشاہ سلمان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ، دوستی کا یہ لازوال رشتہ وقت کے ہر امتحان پر پورا اترا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لئے اگلے سال سے حج کوٹہ کو بڑھانے پر غور ہو رہا ہے۔ چیئرمین سینٹ کی خصوصی درخواست پر بلوچستان کے طلبا کے لیے سکالرشپس کی منظوری اس بات کی عکاسی کرتی کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ یہ وظائف گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ سطح پر طلبا کو دیئے جائیں گے تاکہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے غریب اور نادار طلبا کو سعودی عرب کی بہترین جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں مدد دی جا سکے۔