چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس‘ وزیراعظم پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ نشر ہو نے کا سختی سے نوٹس

اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس پارلیمنٹ لاجز میں کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں پی ٹی وی پر وزیراعظم پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ نشر ہو نے کا سختی سے نوٹس لیا گیا اور کہا کہ حذف کئے گئے الفاظ نشر ہو رہے ہیں، پی ٹی وی ریاست کا ترجمان …

اسلام آباد ۔ 24 جولائی (اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس پارلیمنٹ لاجز میں کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں پی ٹی وی پر وزیراعظم پاکستان کے خلاف نازیبا الفاظ نشر ہو نے کا سختی سے نوٹس لیا گیا اور کہا کہ حذف کئے گئے الفاظ نشر ہو رہے ہیں، پی ٹی وی ریاست کا ترجمان ہے، مناسب کوریج سب کا حق ہے لیکن کسی کی تضحیک کرنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں بنتا۔ کمیٹی نے اس معاملے پرایم ڈی پی ٹی وی سے جواب طلب کر لیا۔ پی ٹی وی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کیا حکمت عملی اختیار کی گئی اور کیا عوامل تھے اور موجودہ سیٹ اپ اور سابق سیٹ اپ میں کیا فرق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کافی ملازمین کے ملازمت سے فارغ ہونے کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں ۔ جسے کمیٹی میں زیر غور لایا جائے گا۔ ایم ڈی پی ٹی وی نے بتایا کہ پی ٹی وی کے سارے چینلز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جس کیوجہ سے بعض پروگرامز آگے پیچھے ہو ئے ہیں ۔ پی ٹی وی بولان بند ہونے کے حوالے سے بتایا گیا کہ پی ٹی وی بولان بند نہیں ہوا۔ پی ٹی وی پارلیمنٹ کی نشریات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ایوان بالا کی کارروائی کو مناسب طریقے سے نشر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کی صورت میں ایوان بالا کے اجلاس سے عوام محروم ہوتی ہے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اس مسئلے کےلئے مناسب میکنزم بنانے کی ضرورت ہے۔ ایم ڈی نے بتایا کہ اس سلسلے میں افرادی قوت اور ٹیکنیکل استعداد چاہئے تاکہ ایک مخصوص چینل شروع کیا جا سکے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ کمیٹی ہر طرح کی معاونت فراہم کرے گی ۔ سینیٹر پرویز رشید نے تجویز دی کہ پارلیمنٹ کا اپنا چینل ہونا چاہئے جس پر پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کی کمیٹیوں کے بارے میں نشریات چلتی رہیں ۔ پی ٹی وی پارلیمنٹ کو بہتر سے بہتر کرنے کی گنجائش موجود ہے ۔سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پی ٹی وی کو حکومت کا نہیں بلکہ ریاست کا چینل ہونا چاہیے ۔کمیٹی اجلاس میں سینیٹر فیصل جاوید کے پیش کردہ بل پیمرا ترمیمی بل2020ءکو بھی زیر غور لایا گیا کمیٹی میں جب اس بل پر بحث شروع ہوئی تو سینیٹر فیصل جاوید نے سینیٹر پرویز رشید کو اجلاس کی صدارت کی دعوت دی تاکہ بل کے محرک کی حیثیت سے اپنے خیالات کا اظہار کر سکیں ۔ تاہم کمیٹی نے متفقہ فیصلہ کیا کہ تمام ممبران کی موجودگی میں بل کے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لیا جائے گا ۔لہذا بل پر بحث کمیٹی کے اگلے اجلاس تک موخر کر دی گئی۔ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز پرویز رشید اور خوش بخت شجاعت نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری اطلاعات، ایم ڈی پی ٹی وی، چیئرمین پیمرا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

مزید خبریں