اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قومی کسان ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کسان پاکستان کی معیشت کا اہم ستون ہیں، جن کی انتھک محنت اور کاوشوں کے بغیر قومی غذائی تحفظ، زرعی خودکفالت اور دیہی ترقی کا تصور ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان دن رات محنت کر کے قوم کے لیے خوراک مہیا کرتے ہیں اور ملک …
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا کسانوں کے قومی دن کے موقع پر پیغام
اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قومی کسان ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کسان پاکستان کی معیشت کا اہم ستون ہیں، جن کی انتھک محنت اور کاوشوں کے بغیر قومی غذائی تحفظ، زرعی خودکفالت اور دیہی ترقی کا تصور ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان دن رات محنت کر کے قوم کے لیے خوراک مہیا کرتے ہیں اور ملک کے معاشی استحکام، برآمدات اور دیہی روزگار کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے جہاں لاکھوں خاندانوں کا ذریعہ معاش زراعت سے وابستہ ہے۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ کسانوں کو جدید زرعی سہولیات، معیاری بیج، کھاد کی بروقت فراہمی، پانی کی منصفانہ تقسیم، مؤثر زرعی توسیعی خدمات اور جدید تحقیق تک رسائی فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ، لاگت میں کمی اور کسانوں کی آمدن میں بہتری لائی جا سکے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، غیر متوقع بارشیں، سیلاب، خشک سالی اور بڑھتے ہوئے زرعی اخراجات کسانوں کے لیے سنگین چیلنجز بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے جامع اور مؤثر پالیسی سازی، فصل بیمہ کے نظام کا فروغ، کسان دوست قرضہ اسکیمیں، قابلِ استطاعت توانائی، اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال کو ناگزیر بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمان کسانوں کے مسائل کے حل، زرعی شعبے کی پائیدار ترقی اور دیہی خوشحالی کے لیے قانون سازی، نگرانی اور مؤثر پالیسی اقدامات کے ذریعے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسانوں کے حقوق کے تحفظ، منڈیوں تک بہتر رسائی اور زرعی ویلیو چین کی مضبوطی کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کسان کی خوشحالی دراصل قومی خوشحالی کی ضمانت ہے اور کسان کو بااختیار بنا کر ہی پاکستان کو ایک مضبوط، خودکفیل اور خوشحال ریاست بنایا جا سکتا ہے۔ کسان اپنا خون پسینہ بہا کر ملک وقوم کی خدمت کرتے ہیں ملک کی غذائی ضروریات پوری کرتے ہیں اور دنیا کی بہترین غذائی اجناس پیدا کرتے ہیں جن کی دنیا بھر میں بہت مانگ ہے۔









