27.1 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومقومی خبریںچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا یومِ مادر کے موقع پر...

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا یومِ مادر کے موقع پر خصوصی پیغام

- Advertisement -

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے یوم مادر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ میں پوری قوم بالخصوص پاکستان کی عظیم ماؤں کو دلی محبت، عقیدت اور بے پایاں احترام کے ساتھ خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ ماں صرف ایک رشتہ نہیں بلکہ محبت، قربانی، دعا، صبر، ایثار اور بے لوث شفقت کا ایسا پیکر ہے جو کائنات کی سب سے عظیم نعمت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماں کی آغوش وہ پہلا مکتب ہے جہاں انسان جینا سیکھتا ہے، دعائیں لینا سیکھتا ہے، اور جُزوی سے کُلی تک ہر منزل طے کرتا ہے۔

ماں کی گود انسان کی پہلی درسگاہ ہے، اور اس کی مسکراہٹ دنیا کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ اُس کی خاموش دعائیں زندگی کے کٹھن ترین سفر میں رہنمائی کا چراغ بنتی ہیں۔سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ معاشرے کی بنیاد ماں کے کردار پر استوار ہوتی ہے۔ ایک تعلیم یافتہ، باوقار، باہمت اور باکردار ماں ایک نسل کی تربیت کرتی ہے، جو آگے چل کر ایک مضبوط، مہذب اور پُرامن معاشرہ تشکیل دیتی ہے۔

- Advertisement -

ماں کے کردار کو نظرانداز کرنا گویا آنے والے کل کو نظرانداز کرنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں ماؤں کو نہ صرف گھریلو زندگی کا مرکز سمجھنا چاہیے، بلکہ انہیں سماجی ترقی، تعلیم، اخلاقی تربیت اور قومی وحدت کا ستون بھی تسلیم کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اپنی ماؤں کی قدر صرف الفاظ سے نہیں بلکہ اپنے عمل، رویّے اور خدمت سے کرنی ہے۔

اُن کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے ہمیں اپنے رویوں میں ایسی تبدیلی لانی ہے جو ماں کو سکون، عزت، تحفظ اور فخر دے سکے۔ معاشروں کی تعمیر تب ہی ممکن ہے جب ماں کو اس کے اصل مقام، عزت اور سہارا دیا جائے۔ ہمیں اُن ماؤں کو نہیں بھولنا چاہیے جو معاشی، سماجی یا معاشرتی مشکلات کا شکار ہیں۔

اُن کی مدد، ان کی خوشی، اور ان کی دعائیں ہمارا اجتماعی فریضہ ہیں۔میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے معاشرے کو ماں جیسے عظیم رشتے کی قدر کرنے والا معاشرہ بنائے، اور ہمیں اپنی ماؤں کی زندگی میں ہی ان کی خدمت، محبت، اور دُعائیں حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595647

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں