چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی بلغاریہ کی سفیر کے اعزاز میں دیئے گئے الوداعی ظہرانہ میں خصوصی شرکت

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے جمہوریہ بلغاریہ کی پاکستان میں سفیر ایرینا گانچیوا کے اعزاز میں دیئے گئے الوداعی ظہرانہ میں خصوصی شرکت کی۔

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے جمہوریہ بلغاریہ کی پاکستان میں سفیر ایرینا گانچیوا کے اعزاز میں دیئے گئے الوداعی ظہرانہ میں خصوصی شرکت کی۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے سفیر ایرینا گانچیوا کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان دوستانہ تعلقات، پارلیمانی روابط اور باہمی تعاون کے فروغ میں ان کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سفیر ایرینا گانچیوا نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سفارتی، تجارتی، ثقافتی اور پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں قابلِ قدر کردار ادا کیا جسے ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بلغاریہ کی قیادت اور عوام کے لئے بھی اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات مستقبل میں مزید وسعت اختیار کریں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔

تقریب میں وزیر مملکت سمندر پار پاکستانی محمد عون چوہدری، رکن قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی سمیت مختلف ممالک کے سفرا، اعلیٰ سرکاری شخصیات اور معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ظہرانہ کے دوران چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، عوامی فلاح و بہبود، وفاق اور صوبوں کے مابین تعاون، اور قومی ترقی سے متعلق مختلف امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔