اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے صوبہ پنجاب کے دریاؤں میں پیدا ہونے والی شدید طغیانی اور بڑھتی ہوئی سیلابی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اورمخیر حضرات، فلاحی تنظیموں اور تمام متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل گھڑی میں سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد کریں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ جمعرات کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دریاؤں چناب، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے اور ان کے سیلابی ریلے اب جنوبی پنجاب کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر وہاں کے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور حکومت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت قومی یکجہتی، عوامی تعاون اور باہمی ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے، میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ حکومتی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنی جانوں کو محفوظ بنانے کے لئے بلا تاخیر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں جبکہ مخیر حضرات اور فلاحی تنظیمیں بھی آگے بڑھ کر اپنے وسائل بروئے کار لائیں تاکہ غریب اور بے سہارا عوام کو مشکل حالات میں سہارا مل سکے۔چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور ریسکیو آپریشنز کو تیز تر بنایا جائے تاکہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلوں کے باعث ہزاروں خاندان متاثر ہو سکتے ہیں، اس لئے پیشگی اقدامات اور عوامی تعاون ناگزیر ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پوری قوم کو اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ متاثرہ عوام کو مشکلات سے نکالا جا سکے۔