اشک آباد ترکمانستان۔1جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے صدرِ ترکمانستان سردار بردی محمدوف سے اہم اور نتیجہ خیز ملاقات کی۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے صدرِ ترکمانستان کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے تہنیتی پیغامات بھی پہنچائے۔اتوار کوسینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کی فعالیت، موجودہ اشتراکِ عمل اور ان کے مزید فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترکمان عوام کے قومی رہنما کے حالیہ دورہ پاکستان اور اس کے دوران طے پانے والے باہمی معاہدوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔اس موقع پر فریقین نے تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ، تعلیم اور دیگر شعبہ جات میں ترقی کے امکانات اور تعاون کی نئی راہوں پر بھی گفتگو کی اور کئی جاری اور مجوزہ منصوبوں پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے ترکمانستان کی غیرجانبداری کی پالیسی کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے اسے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا۔اس سال ترکمانستان اپنی آزادی کی 30 ویں سالگرہ منا رہا ہے، جس موقع پر مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط کو سراہا گیا اور انہیں مزید فعال بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے ترکمان سرزمین پر پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر ترکمان حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ترکمانستان کے سرکاری ٹیلی وژن کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات اعتماد، بھائی چارے اور مشترکہ ترقی کے جذبے پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک علاقائی استحکام و خوشحالی کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604087