اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی مسیحی برادری کو کرسمس کے تہوار پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرسمس کا دن مسیحی برادری کے لیے نہایت بابرکت اور مقدس حیثیت رکھتا ہے جو امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اپنے پیغام میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر …
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی مسیحی برادری کو کرسمس پر مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی مسیحی برادری کو کرسمس کے تہوار پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرسمس کا دن مسیحی برادری کے لیے نہایت بابرکت اور مقدس حیثیت رکھتا ہے جو امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اپنے پیغام میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کے عقائد، روایات اور مذہبی جذبات کا احترام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
باہمی رواداری اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں کو اپناتے ہوئے ہی ہم ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل طے کر سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتا ہے، جہاں بسنے والی تمام اقلیتوں کو آئینِ پاکستان کے تحت مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت وزیراعظم انہوں نے اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی وزارت قائم کی اور اقلیتوں کو کابینہ میں باقاعدہ نمائندگی دی تاکہ فیصلہ سازی کے عمل میں ان کی آواز موثر انداز میں شامل ہو سکے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اقلیتی برادری نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ایوانِ بالا نے بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں سہولیات و ریلیف فراہم کرنے کے لیے اہم قانون سازی کی ہے جو ایک مضبوط اور جامع جمہوری نظام کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انفرادی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسیحی برادری آئندہ بھی پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایوانِ بالا نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قابلِ تحسین اقدامات کیے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ ہائوس میں اقلیتوں کے امور سے متعلق سینیٹ کی خصوصی کمیٹیاں بھی قائم کی گئی ہیں، جو اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں اور حکومت سے جوابدہی یقینی بناتی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے واضح کیا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور ان کے مذہبی مقامات کے تحفظ، سکیورٹی، دیکھ بھال اور اپ گریڈیشن کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مذہبی اور ثقافتی ورثے سے مالا مال ملک ہے اور اس ورثے کے تحفظ کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جو قومی یکجہتی اور ہم آہنگ معاشرے کی علامت ہیں۔







