اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں الجیریا کے سفیر براہیم رُومانی نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تباد لہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) میں الجیریا کی فعال شرکت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ …
چیئرمین سینیٹ سے جرمنی، الجیریا کے سفیروں کی ملاقاتیں، عوامی روابط کثیرالجہتی تعاون اور باہمی تعلقات کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں، یوسف رضا گیلانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں الجیریا کے سفیر براہیم رُومانی نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تباد لہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) میں الجیریا کی فعال شرکت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ الجیریا کے وفد کی شرکت پاکستان اور الجیریا کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی احترام اور مشترکہ اصولوں کی عکاس ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے اعلیٰ سطحی روابط بڑھانے، باقاعدہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور بڑھتے ہوئے باہمی روابط کے اہمیت کو اجاگر کیا۔
جمعہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سفیر نے الجیریا کی قیادت کا خصوصی پیغام چیئرمین سینیٹ تک پہنچایا اور الجیریا کی سینیٹ کے صدر کی جانب سے چیئرمین گیلانی کو دورے کی باضابطہ دعوت بھی پیش کی۔ سفیر نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت اور ان کے وژن کو بھی سراہا اور علاقائی امن، ترقی اور تعمیری پارلیمانی روابط کے لیے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔بعدازاں جرمنی کے سفیر انا لیپل نے بھی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔چیئرمین سینیٹ نے پاکستان اور جرمنی کے دیرینہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سفارت کاری، اقتصادی تعاون اور دفاعی شراکت داری میں مزید پیش رفت کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ادارہ جاتی تعاون سی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جرمنی کے لیے پارلیمانی فرینڈشپ گروپ پہلے ہی فعال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے ارکانِ پارلیمنٹ جرمنی کے ساتھ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے پارلیمانی سفارت کاری سے استفادہ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔چیئرمین سینیٹ نے موسمیاتی تبدیلی کو دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیح قرار دیتے ہوئے کلائمیٹ اینڈ انرجی پارٹنرشپ کو بڑھانے کے لیے اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی اور گرین انرجی کے شعبوں میں وسیع مواقع کی نشاندہی بھی کی۔ چیئرمین سینیٹ نے فنی و پیشہ ورانہ تربیت میں تعاون بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تربیت یافتہ نوجوان جرمن لیبر مارکیٹ کے لیے موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول میں جرمنی کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تجارتی شعبے میں تعاون کے مزید اضافے مزید اضافے پر زور دیتے ہوئے جرمن کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ انہوں نے سفیر کو بتایا کہ ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کے لیے ون ونڈو آپریشن فراہم کر رہا ہے جس سے سرمایہ کاری کے عمل میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے جرمنی میں پاکستانی طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دفاعی تعاون سات دہائیوں سے زائد پر محیط ہے۔ مشترکہ منصوبوں اور باہمی تحقیق و ترقی کے ذریعے اس تعاون کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔
افغان باشندوں کی منتقلی سے متعلق گفتگو کے دوران چیئرمین سینیٹ نے جرمنی کے تعاون سے جاری افغان ری لوکیشن پروگرام کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چار دہائیوں تک 35 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کی، مگر اب عالمی برادری نے اس مسئلے کو نظر انداز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ افغان مہاجرین کے مسئلے پر عالمی برادری خصوصی توجہ دے اور پاکستان کے ساتھ معاونت کرے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ جرمن سفیر نے اسلام آباد میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کو خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔








