بیجنگ۔23اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے چائنیز پیپلز پولیٹیکل کنسلٹیٹو کانفرنس (سی پی پی سی سی) کی قومی کمیٹی کے چیئرمین وانگ ہننگ سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پیر کو یہاں سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چین کے دارلحکومت بیجنگ میں ہونے والی ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے پرتپاک مہمان نوازی پر مسرت کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے وانگ ہننگ کو سی پی پی سی سی کے چیئرمین کے طور پر تقرری پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین پائیدار دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ترین پہلو ہے، دونوں ملکوں کے تعلقات کو متفقہ عوامی اور ادارہ جاتی حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان "ایک چین ” پالیسی اور بحیرہ جنوبی چین سمیت اہم امور پر چین کی غیرمتزلزل حمایت کرتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کے وزیر اعظم کو چین کی دعوت پر شکریہ ادا کرتا ہوں، صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے سی پی پی سی سی اور سینیٹ آف پاکستان کے درمیان رابطہ کاری کی بھرپور تاریخ پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ میں اٹھائے گئے قانون سازی کے اقدامات پر چین کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے لیے چین کے فراخدلانہ تعاون کو سراہا۔ انہوں نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے فلیگ شپ کے طور پر سی پیک کی اہمیت پر زور دیا اور چینی کمپنیوں کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مضبوط بنانے کے لیے رابطہ کاری کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے وانگ ہننگ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔وانگ ہننگ نے خوش دلی سے دعوت کو قبول کیا اور کہا کہ وہ صدر شی جن پنگ کو دعوت سے متعلق آگاہ کریں گے۔