اسلام آباد۔17جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے "ون چائنہ اصول” کے حوالے سے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی شکل میں تائیوان کی آزادی اور چین کے اندرونی معاملات میں دوسرے ممالک کی مداخلت قابل قبول نہیں ہے، پاکستان چین کی علاقائی سالمیت بالخصوص تائیوان کو چین کا ناقابل تنسیخ اور اٹوٹ انگ سمجھتا ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا انہوں نے بدھ کو پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) اور گوادر پورٹ سمیت اہم منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پاک چین تعلقات مضبوط، تاریخی اور کثیر جہتی نوعیت کے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے تائیوان پر پاکستان کے واضح اور اصولی موقف کا اظہار کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے "ون چائنہ اصول” کے حوالے سے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شکل میں تائیوان کی آزادی اور چین کے اندرونی معاملات میں دوسرے ممالک کی مداخلت قابل قبول نہیں ہے، پاکستان چین کی علاقائی سالمیت بالخصوص تائیوان کو چین کا ناقابل تنسیخ اور اٹوٹ انگ سمجھتا ہے، قومی اتحاد کے لئے چین کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان تائیوان میں مضحکہ خیز انتخابات کو مسترد کرتا ہے، تائیوان میں بوگس انتخابی عمل میں وسیع پیمانے پر عوام کی عدم شرکت سے اکثریت کی رائے نہیں سنائی دی۔ ملاقات میں چین اور پاکستان کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری پر بھی زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا ہمیں ادراک ہے۔
چینی سفیر نے علاقائی امن کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے ترقیاتی مقاصد کے حصول کے لئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا اور پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے حوالے سے حمایت جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا۔