چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی اے کینن کی ملاقات

83
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی اے کینن کی ملاقات

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی سے پاکستان کیلئے یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی اے کینن نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں معاشی اور سیاسی اصلاحات کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور سمیت یو ایس ایڈ کی جانب سے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کو ترقیاتی معاونت فراہم کرنے پر شکرگزار ہیں۔پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری بنیادی ڈھانچے میں بہتری، معاشی مواقع بڑھانے اور خوشحالی کو فروغ دینے کے حوالے سے یو ایس ایڈ کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے یو ایس ایڈ کی جانب سے پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان امریکہ سے اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مضبوط اقتصادی تعلقات چاہتا ہے۔پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہری اور مضبوط شراکت داری خطے کے امن، سلامتی اور خوش حالی کے لئے باہمی طور پر مفید اور اہم ہے۔

ملاقات میں افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی تباہی کو روکنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرتے ہوئے افغان عوام کی حمایت کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر نے کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلا کے عمل میں پاکستان کے حالیہ تعاون کو سراہا اور کہا کہ یو ایس ایڈ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں اہم ملک ہونے کی حیثیت سے امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم اور صحت کے فروغ بالخصوص کورونا وبا کے دوران یو ایس ایڈ کی پاکستان کیلئے معاونت پر ان کے شکرگزار ہیں۔