اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی دعوت پر افریقی یونین کے قائم مقام چیئرمین اور جبوتی نیشنل پارلیمنٹ کے صدر محمد علی حاومید اپنے بارہ رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے۔
ایئر پورٹ پر سینیٹر مہمان داری مرزا محمد آفریدی نے افریقی پارلمانی وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افریقی پارلیمان کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ اپنی نوعیت کے منفرد دورے پر آنے والے وفد کو دلی طور پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ توقع ہے کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ وفد اہم ملاقاتوں کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کرے گا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق وفدکی چیئرمین سینیٹ، صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان، وزیر خارجہ، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور آرمی چیف، آزاد جموں کشمیر کے صدراور نیوی کے چیف سے اہم ملاقاتیں شیڈول کا حصہ ہیں۔ چئیرمن سینیٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افریقی ممالک کے پارلیمان کے مابین تعلقات کو مستحکم بنانے کے لئے یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔پارلیمانی روابط کے ذریعے تجارتی تعلقات مربوط بنانے میں مدد ملے گی۔