چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی سے نگراں وفاقی وزیر توانائی و بجلی محمد علی کی ملاقات

138
چیئرمین سینیٹ سے میر چنگیز خان جمالی کی ملاقات

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ملک بھر میں توانائی سے متعلق چیلنجز پر قابو پانے اور صوبہ بلوچستان کے کونے کونے تک بجلی کی مستقل فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں، قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو استعمال کرنے اور توانائی کی تقسیم اور کھپت کو بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نگراں وفاقی وزیر توانائی و بجلی محمد علی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں ملک بھر میں خاص طور پرصوبہ بلوچستان کو بجلی کی بلا تعطل اور قابل اعتماد فراہمی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بجلی کی موثر اور بلا تعطل فراہمی کے حوالے سے نگران وفاقی وزیر توانائی وبجلی نے حکمت عملی اور اٹھائے گے اقدامات بارے تفصیلی آ گاہ کیا ۔ چیئرمین سینٹ نےکہا کہ صوبہ بلوچستان میں بجلی کی تقسیم کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانا چاہئے تاکہ صوبہ کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے صوبہ بلوچستان کا سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے مستحکم اور پائیدار بجلی کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا۔چیئرمین سینیٹ نے صوبہ کے رہائشیوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کو یقینی بنانے کیلئے حکومتی اداروں اور پاور یوٹیلیٹیز کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں توانائی سے متعلق چیلنجز پر قابو پانے اور صوبہ بلوچستان کے کونے کونے تک بجلی کی مستقل فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں، قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو استعمال کرنے اور توانائی کی تقسیم اور کھپت کو بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے صوبہ بلوچستان کو توانائی سے متعلق درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینیٹ اور نگراں وفاقی وزیر توانائی وبجلی نے خطہ کے توانائی سے متعلق خدشات کو دور کرنے کیلئے تعاون، شفافیت اور موثر رابطے کیلئے اپنے عزم کا بھی اظہار کیا۔چیئرمین سینیٹ نے توانائی کے بنیادی ڈھانچہ کو بہتر بنانے کیلئے نگراں وفاقی وزیر توانائی و بجلی کی کوششوں کی تعریف کی۔