چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ترکیہ میں ترکش ریڈ کریسنٹ کے صدرڈاکٹر کریم کِنک کی ملاقات

125
چیئرمین سینیٹ سے میر چنگیز خان جمالی کی ملاقات

اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ترکیہ میں ترکش ریڈ کریسنٹ کے صدرڈاکٹر کریم کِنک نے ملاقات کی۔سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے ترکش ریڈ کریسنٹ کے صدر کو پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور سندھ میں حالیہ سیلابی صورتحال اور نقصانات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور سندھ میں لوگ بے سر وسامانی کے عالم میں ہیں اورسیلاب متاثرین کو ادویات اور خوراک کی اشد ضرورت ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے کیلئے اقدامات کریں۔بین الاقوامی برادری کے تعاون سے ہی اس طرح کی آفات کا مقابلہ ممکن ہے۔ دونوں ممالک کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلقہ اداروں کو قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ایک دوسرے کے تجربے سے استفادہ کرنا چاہئے۔

محمد صادق سنجرانی نے مزید کہا کہ موسمی تغیرات کے مدنظر بین الاقوامی ادراجاتی تعاون ناگزیر ہے۔ ترکش ریڈ کریسنٹ، پاکستان میں عوامی بہبود کے حوالے سے نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ ترکیہ کی حکومت نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ترکش حکومت کی جانب سے امداد پر شکر گزار ہیں۔ افغان مہاجرین کے مسائل کے حوالے سے ترکش اور پاکستان ریڈ کریسنٹ نے مل کر مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ ترک ریڈ کریسنٹ کے صدر نے سیلابی صورت حال سے نمٹنے کیلئے حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔