چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے عقیل کریم ڈیڈھی کی ملاقات

291
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

کراچی۔2جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملک کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ملک کے اندر اور باہر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے رابطہ کاری کو بڑھانا ہوگا ۔

سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک کے معروف تاجر عقیل کریم ڈیڈھی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی معاشی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ملک کے اندر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کی خاطر تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت تاجروں اور کاروباری طبقے کے مسائل کو اجاگر کرنے کا ایک مؤثر فورم ہے، تاجر برادری اپنی سفارشات لے کر آئے ، اداروں کے ساتھ مل کر زیر غور لائیں گے ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک کے اندر اور ملک سے باہر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے رابطہ کاری کو بڑھانا ہوگا ۔ معروف تاجر عقیل کریم ڈیڈھی نے چیئرمین سینیٹ کو تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا۔