اسلام آباد۔5اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قزاخستان کے مابین بہترین معاشی تعلقات سے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی، معاشی و تجارتی روابط سے علاقے کی ترقی میں بھی نمایاں پیش رفت ہوگی۔ یہ بات انہوں نے قزاخستان کے سفیر یرزحان کستافن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان قزاخستان دوطرفہ تعاون، پارلیمانی و تجارتی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے مابین بہترین معاشی تعلقات سے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی، معاشی و تجارتی روابط سے علاقے کی ترقی میں بھی نمایاں پیش رفت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے مابین برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں، سینیٹ میں قزاخستان، پاکستان دوستی گروپ موجود ہے جس کے ذریعے دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مزید مربوط بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے مابین بین الاقوامی فورمز کی سطح پر بھی بہترین تعلقات ہیں، پاکستان اور قزاخستان نے اکثر بین الاقوامی اور علاقائی امور پر یکساں موقف اختیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تعلقات کے فروغ سے معاشی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون سے استحکام آئے گا، پاکستان وسطی اشیائی ممالک کے ساتھ رابطہ کاری کے فروغ کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلے میں کوشاں ہے، ادارہ جاتی تعاون کی بدولت عوامی سطح پر روابط کو مزید بڑھانے میں مدد ملے گی۔
قزاخستان کے سفیر نے پاکستان کی ثقافت اور مہمان نوازی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے سفیر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔