چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی کی ملاقات

198

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مسلم ممالک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا، پاکستان میں سرمایہ کاری و تجارت کے وسیع مواقع  موجود ہیں جس سے یو اے ای کو بھر پور استفادہ حاصل کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات نصف صدی پر محیط ہوچکے ہیں جو قابل فخر ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے مابین تاریخی، سماجی، ثقافتی اور کثیر الجہتی تعلقات ہیں، پاکستان اور متحدہ عرب امارات خطے اور مسلم اُمہ کے اہم ممالک ہیں، مسلم ممالک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا، پاکستان میں سرمایہ کاری و تجارت کے وسیع مواقع  موجود ہیں جس سے یو اے ای کو بھر پور استفادہ حاصل کرنا چاہیے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ممالک خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے مشترکہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جس سے علاقائی سطح پر مزید ترقی و خوشحالی آئیگی۔ یو اے ای میں تقریباً 16 لاکھ پاکستانی روزگار سے وابستہ ہیں جو نہ صرف پاکستان بلکہ یواے ای کی ترقی کیلئے بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کیلئے انتہائی اہم  ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے دونوں ممالک کیلئے ترقی کی راہیں ہموار کرے گا۔ سفیر نے متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔