چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے کوئٹہ چیمبر کے 16رکنی وفد کی ملاقات

71

اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 16رکنی وفد، جس کی قیادت چیمبر کے نائب صدر بہادر خان کاکڑ کر رہے تھے، نے پارلیمنٹ ہاو¿س میں ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے جامع اور قابل عمل پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے تا کہ بلوچستان کے تاجر طبقے کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے اور انہیں ملک کی مجموعی ترقی اپنا کردار ادا کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ موثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالاءاور اسکی مختلف کمیٹیوں نے ہمیشہ بلوچستان کیلئے آواز اٹھائی ہے اور آئندہ بھی موثر انداز میں آواز اٹھاتے رہے گے۔ وفد سے ملاقات کے دوران سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس کے چیئرمین سینیٹر مرزا آفریدی، صنعت و پیداوار کے چیئرمین سینیٹر احمد خان اور سینیٹر نصیب اللہ بازئی بھی چیئرمین کے ہمراہ تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار نے بلوچستان کے کاروباری طبقے کی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے مختلف اجلاسوں میں حکام سے کاروباری طبقے کے مسائل کو حل کرنے کیلئے جواب طلبی کی ہے۔ قبل ازیں وفد کے رہنماءاور اراکین نے چیئرمین سینیٹ کو اپنے مسائل سے آگا ہ کیا۔