چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا بلوچستان میں حالیہ بارش اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر اظہارافسوس

185
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔28جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے لسبیلہ، اوتھل اور بلوچستان کے دیگر اضلاع میں حالیہ بارش اور سیلابی ریلوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

جمعرات کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریسکیو حکام متاثرین کو فوری امداد فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ نشیبی علاقوں کی آبادیوں کی محفوظ جہگوں پر منتقلی کے لیے انتظامات کیے جائیں۔

چیئرمین سینیٹ نے سیلابی صورت حال سے نمٹنے کیلئے فوج اور صوبائی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ چیئرمین سینیٹ نے حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں جانبحق افراد کی بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ کی ضلع لسبیلہ کےقریب اودگی میں علاقہ مکینوں کو محفوظ جگہ پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔