اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سانحہ آرمی پبلک سکول ،اے پی ایس پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحہ کو یاد کرکے قوم کا غم آج بھی تازہ ہے، پاکستانی قوم اے پی ایس کے شہداء اور ان کے لواحقین کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
جمعرات کو سانحہ اے پی ایس کی ساتویں برسی کے موقع پر اپنےپیغام میں انہوں نے کہا کہ دل دہلا دینے والے سانحہ آرمی پبلک سکول کو 7 برس بیت گئے لیکن اس کو یاد کرکے قوم کا غم آج بھی تازہ ہے، یہ ہولناک سانحہ آج بھی ہمارے ذہنوں میں کل کی طرح تازہ ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اورعزم دیا ہے، مسلح افواج اور سول سکیورٹی اداروں نے اس سانحہ میں ملوث دہشت گردوں پر کاری ضرب لگاتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اے پی ایس کے شہداء اور ان کے لواحقین کی قربانی کو تا قیامت یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اور حکومت شہداء کے والدین کے ساتھ کھڑی ہے، معصوم شہیدوں کی لازوال قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔