اسلام آباد ۔ 04 جولائی (اے پی پی) امت مسلمہ کو اپنے وسائل کو یکجا کر کے ترقی کے مشترکہ ایجنڈے پر کام کرنا چاہیے ۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ان خیالات کااظہارمصر کے سفیر احمد محمد فضل یعقوب سے پارلیمنٹ ہاﺅ س میں جمعرات کے روز سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق کے دفتر میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ مصر کے سفیر نے دونوں راہنماﺅں سے خیر سگالی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی ۔دونوں راہنماﺅں نے کہا کہ بدقسمتی سے مسلم اُمہ اس وقت اختلاف سے دوچار ہے اور غیر یقینی صورتحال نے ترقی کے عمل کو سست روی کا شکار کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا اورمسلم ممالک کی عوام کی فلاح وبہبود کی خاطر امن کو موقع دینا ہوگا اور ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانا ہوگا ۔ہماری ثقافت، تہذیب وتمدن میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمیں مسلم اُمہ کے اتحاد اور یگانگت کےلئے کوششیںکرنا ہوں گی ۔