چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت پاکستان انسٹیٹوٹ آف پارلیمانی سروسز کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس

98

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی) پاکستان انسٹیٹوٹ آف پارلیمانی سروسز کے بورڈ آف گورنر کا اجلاس پیر کو چیئرمین سینیٹ اور بورڈ آف گورنرز کے صدر محمد صادق سنجرانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران انسٹیٹیوٹ کے بانی ایگزیکٹو ڈائریکٹر خان احمد گورایہ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اور ان کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم خان احمد گورایہ کی پارلیمانی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اجلا س کے دوران ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی کے کنوینئر سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر سید شبلی فراز جبکہ ارکان میں سینیٹرز جاوید عباسی، شیری رحمان اور اراکین قومی اسمبلی سید نوید قمر اور امجد علی خان شامل ہیں۔ نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کیلئے پہلے ہی مروجہ طریقہ کار کے مطابق اخبارات میں اشتہار دیدیا گیا ہے۔ اجلاس کے دوران بورڈ آف گورنر کے ارکان نے ادارہ برائے پارلیمانی خدمات کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، سینیٹرز سید شبلی فراز، شیری رحمان، جاوید عباسی، ایم این اے امجد علی خان شامل تھے۔