اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے سیفران شہریار آفریدی نے 26ویں آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ سے مشترکہ منظوری پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں وزیر مملکت نے کہاکہ26ویں آئینی ترمیم پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتحاد قوم کیلئے رمضان المبارک کا تحفہ ہے، امید ہے تمام سیاسی جماعتیں قومی ایشوز پر اسی طرح مستقبل میں بھی اتفاق و اتحاد …
وزیر مملکت شہریار آفریدی کی 26ویں آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ سے مشترکہ منظوری پر قوم کو مبارکباد

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے سیفران شہریار آفریدی نے 26ویں آئینی ترمیم کی پارلیمنٹ سے مشترکہ منظوری پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں وزیر مملکت نے کہاکہ26ویں آئینی ترمیم پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتحاد قوم کیلئے رمضان المبارک کا تحفہ ہے، امید ہے تمام سیاسی جماعتیں قومی ایشوز پر اسی طرح مستقبل میں بھی اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریں گی۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ26ویں آئینی سے فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں لانے اور انہیں مقتدر بنانے میں مدد ملے گی، آج پارلیمنٹ میں سیاسی جماعتوں نے جس یگانگت کا اظہار کیا وہ ملک کیلئے نیک شگون ہے، ہم اس مثبت طرز عمل کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اپوزیشن جماعتیں مستقبل میں بھی اسی طرح قومی ایشوز پر حکومت کو سپورٹ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم اس امر کا اظہار ہے کہ پاکستان میں فاٹا سمیت ماضی میں محروم رکھے گئے تمام طبقات کو مقتدر بنا کر قومی دھارے میں لایا جائے گا۔ فاٹا کے حقوق کی آواز پہلی بار وزیر اعظم عمران خان نے بلند کی ، چاہے وہ ڈرون حملوں سے ملکی سالمیت کی خلاف ورزی کامعاملہ ہو یا ان حملوں میں شہریوں کی جانوں کا ضیاع ہو، عمران خان نے اس وقت قبائل کے حقوق کی آواز بلند کی جب کسی کو ایسا کرنے کی جرات نہ ہوئی۔ اس بیباک حق گوئی پر کبھی عمران خان کو طالبان خان کہا گیا اور کبھی شدت پسندوں کا ترجمان۔ مگر عمران خان کی مستقل محنت اور مستقل مزاجی کے باعث آج فاٹا کے باشندوں کو انکا حق مل گیا، ایف سی آر کے کالے قانون کا خاتمہ ہوگیا اور فاٹا قومی دھارے میں شامل ہوگیا۔ اب فاٹا کے علاقوں میں ترقی کا سنہری دور شروع ہوگا، فاٹا کے اپنے نمائندے اسمبلیوں میں عوام کی ترجمانی کرینگے اور ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔








