چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی سیالکوٹ میں غیر ملکی شہری کی مشتعل ہجوم کے ہاتھوں ہلاکت کی مذمت

78

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سیالکوٹ میں غیر ملکی شہری کی مشتعل ہجوم کے ہاتھوں ہلاکت کی مذمت کی ہے۔جمعہ کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ اس قسم کے واقعات کی اسلامی تعلیمات، قومی روایات اور ملکی قوانین میں بالکل گنجائش نہیں ہے، اسلام بردباری اور برداشت کی تعلیم دیتا ہے جبکہ آئین پاکستان میں بھی ماروائے عدالت اس قسم کے اقدامات کی اجازت نہیں ہے،

اس واقعہ کی معاشرے کے باشعور طبقات، مذہبی سکالرز اور سیاسی رہنماں نے بھر پور مذمت کی ہے،پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات دہائیوں سے باہمی اعتماد اور گہری دوستی پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر اس قسم کی انتہا پسندی کی قطعن اجازت نہیں دی جا سکتی، یہ واقعہ نہ صرف ہماری قومی روایات کے برعکس ہے بلکہ انتہائی دل خراش اور افسوسناک ہے، متعلقہ ادارے فوری طور پر ذمہ داروں کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ اور قوم کی جانب سے اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔