اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے شہید لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو ملکی دفاع کی خاطر جام شہادت نوش کرنے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور اہلخانہ کے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کیلئے دھرتی کے ان بہادر سپوتوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پوری قوم بالخصوص بلوچستان کے لوگ اور قبائل دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں بے مثال ہیں اوردہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا نے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر شہادت کو گلے لگایا ہے۔دہشت گرد اپنی بزدلانہ کاروائیوں سے پاکستانی قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی،قائد ایوان سینیٹ سینیٹراعظم نذیر تارڑ اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی شہید لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کی بلندی درجات اور اہلخانہ کے صبر وجمیل کی دعا کرتے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن قائم کرنے کیلئے پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں بے مثال ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔