اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔منگل کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیوں دی ہیں،خطے کے امن کی بقا کے لئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔ دہشت گردوں کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہوتا نہ ہی کوئی مذہب اپنے پیرو کاروں کو دہشت گردی کی اجازت دیتا ہے،دہشت گردی کے اس ناسور کو جلد جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کی ترقی سے خائف ہیں،قوم سکیورٹی فورسز کی ان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔انہوں نے دہشت گرد حملوں کے دوران زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی ڈی آئی خان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے دہشت گرد حملوں میں شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی سکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=419146