چیئرمین سینیٹ کا چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر یاﺅ جنگ کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ

اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر پوری پاکستانی قوم اور سیاسی قیادت ایک ہے اور دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، دونوں ملکوں کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر یاﺅ جنگ …

اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات پر پوری پاکستانی قوم اور سیاسی قیادت ایک ہے اور دونوں ملکوں کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، دونوں ملکوں کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر یاﺅ جنگ کے اعزاز میں ان کی جانب سے دیے گئے عشائیہ کے موقع پرکیا۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چین کے ساتھ مضبوط تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں اور پاکستان اور چین کی دوستی تاریخی اور مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اور سیاسی قوتیں چین کے ساتھ تعلقات پر یکجا ہیں اور سی پیک نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو سٹرٹیجک شراکت داری میں بدل دیا اور بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ اور سی پیک خطہ کی ترقی کی راہداریاں ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان خطہ میں تعاون اور شراکت داری کے تحت امن، ترقی اور خوشحالی کا فروغ چاہتا ہے اور بی آر آئی چین کے صدر شی جنگ پنگ کے خطہ کی رابطہ کاری سے متعلق وژن کا عکاس ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے چین کے صدر شی جنگ پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ صدر شی جنگ پنگ کی قیادت میں چین نے عالمی سطح پر اپنا ایک الگ مقام پیدا کیا اور صدر شی جنگ پنگ کی قیادت میں پاکستان چین تعاون کو مزید وسعت ملی۔ انہوں نے کہا کہ مثالی تعاون ایک دوسرے پر اعتماد اور گہرے دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ چین کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو چین کے صدر شی جنگ پنگ کی جانب سے لکھے گئے ”گورننس آف چائنا“ کا تیسرا والیم بھی پیش کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے صدر شی جنگ پنگ کو مفصل مجموعہ مرتب کرنے پر مبارکباد بھی دی اور کہا کہ پاکستان اور چین نے عالمی اور علاقائی مسائل پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کی حمایت کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی فورمز میں مثالی تعاون ہماری دوستی اور تعاون کو ظاہر کرتا ہے اور عوامی اور ادارہ جاتی معاونت کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا پر قابو پانے کےلئے چین نے دل کھول کر تعاون کیا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سبکدوش ہونے والے سفیر پاکستان میں اچھی یادیں چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ عشائیہ کی تقریب سے چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں دونوں ممالک امن پسند اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کےلئے کوشاں ہیں۔ چین پاکستان کی افغان امن کے حوالے سے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہے جو خطے کے امن کےلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان اور چین نے ہمیشہ بین الااقوامی سطح پر ایک دوسرے کے مو¿قف کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی کے بہترین 11سال پاکستان میں گزارے ہیں۔ پاکستان نہ صرف میرے پیشہ وارنہ کیئر کا حصہ ہے بلکہ میری زندگی کا اہم جز بن گیا ہے۔ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران بہت کچھ سیکھا ہے اور میں اچھی یادیں لے کر واپس جا رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوئے ہیں اور کشمیر کے حوالے سے پاکستان اور چین کا یکساں موقف ہے۔ پاکستان اور چین دونوں عالمی امن اور علاقائی ترقی کےلئے کوشاں رہے ہیں اور اسی تناظر میں کشمیر یوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ عشائیہ میں قائد ایوان سینیٹ ڈاکٹر شہزاد وسیم، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، سینیٹرز محمد جاوید عباسی، سجاد حسین طوری، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، لیاقت خان تراکائی، کلثوم پروین، سیّد محمد صابر شاہ، فیصل جاوید، اعظم خان سواتی، بیرسٹر محمد علی خان سیف، مشاہد حسین سیّد، طلحہ محمود، دلاور خان، ستارہ ایاز، تاج محمد آفریدی، سردار محمد شفیق ترین، مولانا عطاءالرحمن، شمیم آفریدی اور سیکرٹری سینیٹ ڈاکٹر سیّد پرویز عباس نے شرکت کی۔