چیئرمین سینیٹ کی بلوچستان کے علاقے بولان ہونے والے دھماکے کی مذمت

131
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بلوچستان کے علاقے بولان ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے دھماکے کے نتیجے میں متعدد اہلکاروں کی شہادت پر دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا گو ہوں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیوں دی ہیں۔خطے کے امن کے لیے فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہاکہ بزدلانہ و تخریبی کارروائیاں ملک کے امن وامان کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں۔افواج پاکستان ملک میں دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

دہشت گردی اقوام عالم کیلئے ایک چیلنج ہے جس کے تدارک کے لئے مشترکہ لائحہ عمل ضروری ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی بلوچستان میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔