اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی ترجمان کے توہین رسالت ﷺ پر مبنی بیان کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس طرح کے بیانات تمام دنیا کے مسلمانوں کیلئے اضطراب اور دل آزاری کا سبب بنتے ہیں۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسلم کش اور فسطائی بھارتی حکومت کی وجہ سے بھارت میں مذہبی آزادی کو شدید خطرات لاحق ہیں، موجودہ بھارتی حکومت نے بھارت میں بسنے والی تمام اقلیتوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی اور دیگر عالمی تنظیموں کو بھارتی حکومت کی اسلاموفوبیا پر مبنی پالیسیوں کا نوٹس لینا چاہیے، اقوام عالم اور خاص طور پر مسلم امہ اسلاموفوبیا کے خلاف مؤثر حکمت عملی اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ تمام دنیا کے مسلمان نبی محترم ﷺ ناموس کے تحفظ کیلئے اپنی جانیں قربان کرسکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ صورت حال پر پاکستانی حکومت اور عوام کی تشویش تمام مہذب دنیا کی پارلیمانوں تک پہنچائیں گے