اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بابا گرو نانک کے جنم دن کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی سکھ برادری کو مبارکباد دی ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق سید یوسف رضا گیلانی نے دنیا بھر میں بسنے والے سکھوں کو نیک تمناؤں کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بابا گرو نانک کی تعلیمات امن، بھائی چارے اور محبت کی علامت ہیں، بابا گرو نانک نے انسانیت کو بھائی چارے اور ہم آہنگی کا درس دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکھ برادری کے مقدس مقامات کی حفاظت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، کرتار پور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی شاندار مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ بابا گرو نانک کا جنم دن سکھ برادری کے لئے خوشیوں اور امن کا پیغام لے کر آئے۔