چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے ڈی جی نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ کی ملاقات

151

اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے جمعہ کے روز ڈی جی نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ڈی جی نیب راولپنڈی کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں ادارے میں احتساب اور شفافیت کے عمل کو یقینی بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں اداروں کے باہمی تعاون اور ہم آہنگی کو بہتر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے میں احتساب اور شفافیت کے عمل کو یقینی بنانے کیلئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے کے دفتری امور میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے افرادی مداخلت کو کم سے کم کیا جارہا ہے۔ اسی طرح ادارے میں شفافیت اور خود احتسابی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے دفتری امور میں آٹومیشن اور ٹیکنالوجی بیسڈ سسٹم بھی بنایا جارہا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ نیب کی تکنیکی صلاحیتوں، قابلیتوں اور تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈی جی نیب نے سی ڈی اے کی طرف سے شفافیت کو یقینی بنانے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔