چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا سرینا چوک اور جناح ایونیو انٹرچینج منصوبوں کا دورہ

132
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا سرینا چوک اور جناح ایونیو انٹرچینج منصوبوں کا دورہ

اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سرینا چوک اور جناح ایونیو انٹرچینج منصوبوں کا دورہ کیا اور منصوبوں پر جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منصوبوں پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے متعلقہ حکام نے چیئرمین سی ڈی اے کو بریفننگ دی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیابان سہروردی روڈ پر انڈرپاس اور اس سے منسلک رابطہ سڑکوں کی کارپٹنگ پر کام تکمیلی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے انڈر پاسں کے ساتھ سلپ روڈز اور رابطہ سڑکوں کو عوام کے لیے کھولنے کی ہدایت کی اور کہا کہ منصوبے میں شامل سلپ روڈز اور رابطہ سڑکوں کو عوام کی سہولت کی خاطر مرحلہ وار کھولا جائے۔ بریفنگ میں بتایا کہ سرینا انٹرچینج اور کنونشن چوک کے انڈر پاسز سمیت تمام حصوں پر تعمیراتی کام جاری ہے،

سرینا انٹرچینج منصوبے میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرکے 24 گھنٹے تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے سرینا انٹرچینج اور جناح ایونیو انٹرچینج منصوبے کے افتتاح سے قبل اس کے ہارٹیکلچر اور تزئین وآرائش کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔چئیرمن سی ڈی اے کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جناح ایونیو انٹرچینج میں شامل فلائی اوور کی ٹرانزمس اور کنکریٹ کا کام تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے،

جناح ایونیو انٹرچینج کے فلائی اوور پر گرڈر لانچنگ کے کام کا آغاز جلد کیا جائے گا۔محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے،ان منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد شہر کے ٹریفک کے مسائل حل اور شہریوں کو سگنل فری سفری سہولیات میسر آئے گی۔