اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ سرینا انٹرچینج منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے متعلقہ افسران نے بریفنگ بھی دی۔منگل کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سری نگر ہائی وے پر زیر تعمیر دونوں انڈر پاسز کا سٹرکچرل ورک مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ ان دونوں انڈر پاسز پر سفالٹ کا کام تیزی سے جاری ہے۔
انہیں بتایا گیا کہ دونوں انڈر پاسز کا تعمیراتی کام بیک وقت کئی حصوں پر 24 گھنٹے کام تیزی سے جاری ہے۔چیئرمین سی ڈی اے کو مزید بتایا گیا کہ سرینا انٹرچینج انڈر پاس کو ٹریفک کے لئے کھولنے کے بعد اس کے اطراف بیوٹیفکیشن کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ منصوبے کے اطراف دیدہ زیب لائٹس کے کام کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی بیوٹیفکیشن کیلئے گرین بیلٹس پر ہارٹیکلچر اور شجرکاری کے کام کو جلد از جلد پایہ تکمیل کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تعمیراتی سرگرمیاں 24 گھنٹے جاری رکھ کر رواں ماہ ٹریفک کے لئے کھولا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر حال میں تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے اور کہا کہ کوالٹی کے معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کنسلٹنٹس اور ریذیڈنٹ انجینئرز کو سائٹ پر معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سرینا انٹرچینج منصوبہ اسلام آباد شہر کے انفراسٹرکچر میں جدت لانے کے لئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے سرینا چوک پر ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہونے کے ساتھ شہریوں کو سگنل فری سفری سہولیات بھی میسر ہوں گی۔