اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر پلاننگ، ممبر اسٹیٹ سمیت پلانگ ونگ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کو پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز ڈائریکٹوریٹ کی ری سٹرکچرنگ اور ہاؤسنگ سوسائٹیز سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بتایا گیا کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں خلاف ورزی پر نوٹسز جاری کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ تمام پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے سروے کے عمل کو تیز کیا جائے اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں تعمیرات کا گوگل اور سیٹلائیٹ امیجز کے ذریعے جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لے آؤٹ پلان کی خلافِ ورزی کرنے پر پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں رہائشیوں کو مفاد عامہ کے لئے مختص پلاٹس کی سی ڈی اے کو منتقلی کو یقینی بنایا جائے اور ہاؤسنگ سوسائیٹیز رہائشیوں کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنائیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تفصیلات سی ڈی اے ویب سائٹ پر جاری کی جائیں اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تشہیر میڈیا پر بھی کی جائے تاکہ عوام الناس کو نقصانات سے بچایا جاسکے۔