اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں آکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے ممبران سمیت آکشن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔منگل کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں سرمایہ کاروں کو آنے والے نیلام عام کے حوالے سے پرکشش اور بہترین مواقع فراہم کئے جائیں۔
چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کمرشل پلاٹس کے نیلام عام کے حوالے سے بہترین اور کاروبار کے لئے موزوں ترین پلاٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔انہیں بتایا گیا کہ نیلامی میں کمرشل پلاٹس سمیت، کلاس تھری، انڈسٹری، ہوٹل پلاٹس اور اپارٹمنٹس پلاٹس سرمایہ کاری کیلئے پیش کئے جائیں گے۔
انہیں مزید بتایا گیا کہ نیلام عام کے حوالے سے سرمایہ کاروں کو آسان اقساط کی ادائیگی کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔اجلاس میں بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کی کمرشل شاپس بھی نیلام عام میں سرمایہ کاری کیلئے پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ پارکنگ پلازہ میں موجود کمرشل شاپس فوراً کاروبار کا آغاز کرنے کیلئے تیار ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کی دکانوں کا تخمینہ مارکیٹ پرائس کی مطابقت سے لگایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو نیلام عام میں شرکت کے حوالے سے مکمل سہولیات فراہم کی جائیں۔