چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سے چیف ایگزیکٹو آفیسر آئسیکو کی ملاقات، دونوں اداروں کے باہمی تعاون اور کوآرڈینیشن کو بہتر کرنے پر اتفاق

130

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر آئسیکو نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔

پیر کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے چیف ایگزیکٹو آفیسر آئسیکو اور ان کی ٹیم کا خیر مقدم کیا۔

ملاقات میں دونوں اداروں کے باہمی تعاون اور کوآرڈینیشن کو بہتر کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں بجلی چوری، غیر قانونی کنکشنز اور ان کے روک تھام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ بجلی چوری اور اس کی روک تھام کے حوالے سے کوآرڈینیشن کو موثر بنانے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں دونوں اداروں کا باہمی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ مشترکہ کمیٹی دونوں اداروں کے درمیان اوور بلنگ، واجبات کی ادائیگی سمیت دیگر مسائل کے حل کے حوالے سے کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ آئیسکو اور سی ڈی اے کے واجبات کے مسئلے کو مرحلہ وار حل کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ غیرقانونی ہائوسنگ سوسائٹیز میں نئے کنکشن کے حوالے سے آئیسکو کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی بنائی جائے اور سی ڈی اے کے اجازت نامے کے بغیر کوئی بھی نیا بجلی کا کنکشن فراہم نہ کیا جائے، غیر قانونی بجلی کنکشنز کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے

ملاقات میں اسلام آباد میں 220 کے وی کے گرڈ سٹیشن کی تنصیب کیلئے جگہ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ آئیسکو سیکٹر C-14 میں ڈویلپمنٹ کے کاموں کے ساتھ ہی بجلی کی فوری فراہمی کو یقینی بنائے۔

ملاقات کے اختتام پر آئیسکو اور سی ڈی اے نے مستقبل میں باہمی تعاون اور مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔