اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے بورڈ ممبران اور متعلقہ افسران کے ہمراہ سیکٹر C-14 کا دورہ کیا۔ بدھ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے کو سیکٹر C-14 میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے متعلقہ افسران کی جانب سے تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ بریفنگ میں چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ سیکٹر C-14 میں ترقیاتی کام تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں،سیکٹر C-14 کے ترقیاتی کام 24/7 تیزی سے جاری ہیں، مجموعی طور پر سیکٹر C-14 کے 80 فیصد سے زائد ترقیاتی کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے۔
بریفننگ میں بتایا گیا کہ سیکٹر C-14 میں ارتھ ورک 96 فیصد جبکہ بیس/سب بیس کا 75 فیصد کام بھی مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ سیکٹر میں ڈرینج کا 65 فیصد اور سیوریج کا 40 فیصد کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سیکٹر کے ترقیاتی کام کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کیا جائے،باقی ماندہ تعمیراتی کاموں کو بھی جلد مکمل کیا جائے،سیکٹر میں الاٹ کئے گئے پلاٹوں کی آخری قسط کی ادائیگی کے ساتھ ہی پلاٹوں کا قبضہ دیا جائے گا، سیکٹر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے الاٹیوں کو بذریعہ سی ڈی اے ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم مطلع رکھا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کہ سیکٹر میں بجلی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے انتظامات بھی کام مکمل کئے جائیں اور سیکٹر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ سولر لائٹس کی تنصیب کے آپشنز پر غور کیا جائے۔چئیرمین سی ڈی اے نے ممبر انجینئرنگ اور متعلقہ افسران کو سیکٹر کا باقاعدگی سے دورہ کرنے اور شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جائزہ لینے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیکٹر ڈویلپمنٹ میں حائل تمام روکاوٹوں کو دور کرکے تمام ترقیاتی کاموں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔