اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بذریعہ زوم مختلف منصوبوں اور شہر کی بہتری کیلئے اقدامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ممبر انجینئرنگ، ممبر ایڈمن، نیسپاک کنسلٹنٹس سمیت دیگر متعلقہ فارمیشنز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق متعلقہ سینئر افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو اسلام آباد پولیس اکیڈمی کی تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی۔بریفننگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد پولیس اکیڈمی کی عمارت کی مرمت اور تزئین و آرائش کے حوالے سے تفصیلی تخمینہ پر کام جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اکیڈمی کی مرمت اور تزئین و آرائش کیلئے ٹائم لائنز سمیت دیگر اہم امور کو جلد مکمل کیا جائے ،اسلام آباد پولیس اکیڈمی کی مرمت اور تزئین و آرائش کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر پیش کی جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ نیسپاک کے کنسلٹنٹس بھی پولیس اکیڈمی کے مرمتی کام میں معاونت فراہم کریں۔اجلاس میں پاک سیکریٹریٹ کی عمارتوں کی تزئین و آرائش کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا ۔
چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ پاک سیکریٹریٹ کی عمارتوں کو خوبصورت بنانے کیلئے اس کے facade کے کام پر کم خرچ ڈیزائن تیار کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے بتایا کہ پاک سیکریٹریٹ کے اطراف سافٹ لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر ورک کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے پلاننگ ونگ کو پاک سیکریٹریٹ میں پارکنگ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے علیحدہ جگہ مختص کرنے کی ہدایت کی ہے، اس ضمن میں ڈرون کے ذریعے سروے کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ڈی ایم اے ڈائریکٹوریٹ کو اپنے اثاثہ جات اور انکا مارکیٹ پرائس کے مطابق تخمینہ لگانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفنگ دینے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد میں قبرستانوں کی مرمت اور انکی دیکھ بھال کا کام تیزی سے جاری ہے،میت بس کے تمام چارجز کو فوراً ختم کیا جائے اور الیکٹرک بس متعارف کروائی جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد کے تمام کاروباری مراکز میں دکانوں کے باہر اشتہارات اور سائن بورڈز کا یکساں ڈیزائن متعارف کروایا جائے، مراکز اور دکانوں پر اشتہارات اور سائن بورڈز کا خوبصورت ڈیزائن اپنانے کیلئے بہترین آرکیٹیکٹ سے خدمات لی جائیں۔
اجلاس میں اسلام آباد کی اہم شاہراہوں کی مرمت، دیکھ بھال اور انکو خوبصورت بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا ۔اجلاس میں بریفننگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کی اہم شاہراہوں پر پیچ ورک اور کرب سٹون کی مرمت کا کام جاری ہے،کلب روڈ، شاہراہِ دستور، ایکسپریس ہائی وے، فیصل ایونیو، سری نگر ہائی وے، مارگلہ روڈ، جناح ایونیو سمیت دیگر اہم شاہراہوں کی مرمت انکی دیکھ بھال اور خوبصورتی کے حوالے سے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔چیئرمین سی ڈی اے کی مذکورہ شاہراؤں اور پیڈسٹرین برجز پر مستقل لائٹس کی تنصیب کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے
،ان شاہراہوں کے کام کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں دن رات کام کرکے مکمل کیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل فیصل مسجد کی تز ئین و آرائش اور صفائی کا کام مکمل کیا جائے،فیصل مسجد پر رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں دیدہ زیب لائٹس بھی نصب کی جائیں۔