چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت نئے منصوبوں اور اقدامات میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس

144

اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں نئے منصوبوں اور اقدامات میں ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے ممبران سمیت متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی۔منگل کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کو آئوٹ سورس کرنے کے عمل کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کو آئوٹ سورس کرنے کیلئے بڈنگ کے عمل کے لئے اخبارات میں اشتہارات شائع ہوچکے ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو شہر کی بیوٹیفکیشن اور اپ لفٹ کے حوالے سے کئے جانے والے مختلف اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ اہم شاہراہوں، میڈین سٹریپس، گرین ایریاز سمیت دیگر اہم مقامات پر مختلف مجسمے اور ڈیزائن نصب کئے جارہے ہیں۔ اسی طرح اہم شاہراہوں پر جدید اور خوبصورت لائٹس مستقل بنیادوں پر نصب کی جائیں گی۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سرینگر ہائی وے، کلب روڈ پر جدید اور خوبصورت لائٹس کو مستقل بنیادوں پر نصب کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اسلام آباد شہر کی ماڈل نرسری کی اپ گریڈیشن کا ڈیزائن اور پلان پیش کیا جائے اور نرسری کے لئے بہترین بزنس ماڈل مرتب کیا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ون ونڈو فیسلٹیشن سینٹر میں فلاور شاپس سمیت کیفے ٹیریا کا قیام عمل میں لایا جائے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل سمارٹ پارکنگ کا آغاز اسلام آباد کے 8 مختلف سائٹس پر کیا جاچکا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ڈپلومیٹک انکلیو شٹل سروس ایریا میں ڈیجیٹل سمارٹ پارکنگ سسٹم کو متعارف کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل سمارٹ پارکنگ سسٹم میں شہریوں سے تمام ادائیگیاں آن لائن وصول کی جائیں اور ہدایت کی کہ سمارٹ پارکنگ منصوبے کے تحت کوئی بھی ادائیگی بذریعہ کیش وصول نہ کی جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سیکٹر C-14 میں اوورسیز پاکستانیوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید سیکٹرز اور پلاٹس پیش کئے جائیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ پارک انکلیو تھری میں بجلی کی فوری فراہمی کو جلد یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح اجلاس میں مختلف آئی ٹی اقدامات کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا۔