چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی برطانوی ہائی کمشنرسے ملاقات ، ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات پر اظہار افسوس

191
دنیا کی تمام مشکلات اور مسائل کا حل سیرت نبویﷺ کی پیروی میں ہے، مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد

اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے برطانوی سفارتخانہ اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنرڈاکٹر کرسچن ٹرنر سے ملاقات اور ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔

مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم ایک عظیم خاتون تھیں جنہوں نے دنیا میں امن کے لئے اپنی عظیم خدمات اور پیغامات کے ذریعے ملکوں کو اکٹھا کرنے اور خدمت انسانیت میں کوشاں رہی،ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم دو مرتبہ پاکستان کا دورہ بھی کرچکی ہیں اور متاثرین سیلاب کے حوالے سے ملکہ برطانیہ کاوفات سے قبل آخری پیغام پاکستان کی عوام کے لئے ہمدردی اور محبت کا مظہر ہے۔

اس موقع پر مولانا سید محمدعبدالخبیر آزاد نے برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کو کہا کہ ہم دکھ اور افسوس کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں اور دنیابھرکے لوگ ملکہ برطانیہ کے لیے احترام کا جذبہ رکھتے ہیں ۔اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے اس افسوس میں شامل ہوئے اور ہم پاکستان اور آپکو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

آخرمیں مولاناسید محمد عبدالخبیر آزاد نے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات کے حوالے سے رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے اور ملکہ برطانیہ کی پوری دنیا کے لئے خدمات کو بھی سراہا۔