چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی نیب ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری

اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب ہیڈکوارٹرز میں جمعرات کوکھلی کچہری میں ملک بھر سے آئے ہوئے عوام کی بدعنوانی، فراڈ، مضاربہ/مشارکہ، جعلی ہاﺅسنگ/کوآپریٹوسوسائٹیوں، منی لانڈرنگ وغیرہ سے متعلق شکایات سنیں اور قانون کے مطابق ان پر احکامات جاری کرتے ہوئے نیب کے متعلقہ علاقائی دفاتر اور جو دوسرے محکمموں سے متعلق تھیں، کو ریفر کرنے کےلئے ہدایات جاری کیں۔ واضح رہے کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے اپنے منصب کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد یہ فیصلہ کیا تھا کہ وہ عوام کی بدعنوانی سے متعلق نہ صرف ہر ماہ کی آخری جمعرات کو خود سنیں گے بلکہ نیب کے تمام علاقائی بیوروز کے ڈی جیز بھی اپنے اپنے علاقائی بیوروز میں عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکاےات سنیں گے اور قانون کے مطابق ان شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال اپنے وعدہ کے مطابق ہر ماہ کی آخری جمعرات کو عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکاےات انتہائی اطمینان اور تسلی کے ساتھ سنتے ہیں بلکہ نیب کے علاقائی بیوروز میں متعلقہ ڈی جیز بھی ہر ماہ کی آخری جمعرات کو عوام کی درخواستوں کو سنتے ہیں۔ اب تک کے اعدادوشمار کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے تقریباًَ 15 سو شکاےات کو نہ صرف خود سنا بلکہ نیب کے تمام علاقائی بیوروز کے ڈی جیز نے بھی اپنے اپنے علاقائی بیوروز میں عوام کی بدعنوانی سے متعلق ہزاروں شکاےات کو سنا ۔ےہ امر قابل ذکر ہے کہ عوام کی تمام شکایات/ درخواستوں کا مکمل ریکارڈ رکھا جاتا ہے بلکہ عوام کو ان کی شکایات سے آگاہ بھی کیا جاتا ہے اس سلسلہ میں چئیرمین نیب کی ہدایت پر تمام ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے حسب وعدہ نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ کھلی کچہری میں ملک بھر سے آئے ہوئے عوام کی شکایات انتہائی اطمینان اور تسلی کے ساتھ سنیں بلکہ ان کے ازالہ کےلئے قانون کے مطابق احکامات صادر کئے جس پر شکایات کنندگان نے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی بدعنوانی سے متعلق ان کی شکایات کے حل کے لئے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ ملک بھر سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب نے عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات کے ازالہ کےلئے نہ صر ف اپنے دروازے کھول دیئے ہیں وہاں نیب کے افسران/اہلکاران ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کےلئے اپنے فرائض قومی فریضہ سمجھتے ہوئے ادا کر رہے ہیں تاہم بہتر سے بہتری کے لئے ہمیشہ کوشاں رہنا نیب کے ایمان اور یقین کا حصہ ہے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب کے تمام ڈی جیزکو ہدایت کی کہ وہ کرپشن فری پاکستان کےلئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرتے ہوئے شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز ٹھوس شواہد اور قانون کے تمام تقاضوں کومد نظر رکھتے ہوئے مکمل کریں تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے جہاں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔