لاہور۔17فروری (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے نیشنل ایگریکلچرایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر فیاض الحسن ساہی نے ٹیم کے ہمراہ پنجاب یونیورسٹی فیکلٹی آف ایگریکلچر ل سائنسز کے تین شعبہ جات کادورہ کیا۔ اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی ڈین فیکلٹی آف ایگرکلچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم حیدر، ڈین فیکلٹی آف جیو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیق رانااور شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔
پروفیسر ڈاکٹر سلیم حیدر نے زرعی تعلیم کی بہتری کے لیے ادارے کی کارکردگی بارے شرکا کو آگاہ کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیق رانا نے پنجاب یونیورسٹی میں اعلی تعلیمی معیار کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات پر تفصیلی جائزہ پیش کیا اور تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے دی گئی تجاویز کا خیر مقدم کیا۔ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد کے ٹیم ممبران میں پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول، پروفیسر ڈاکٹر غلام قادر، ڈاکٹر غلام رسول، ڈاکٹر عبدالغفاراور سعید مغل شامل تھے۔پنجاب یونیورسٹی سے ڈاکٹر محمد ارشد جاوید، ڈاکٹر محمد بلال چٹھہ اور ڈاکٹر راشد محمود نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ادارے میں جاری تعلیمی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین فوڈ سائنسز پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شناور وسیم علی نے اپنا سرٹیفکیٹ وصول کرتے ہوئے چیئرمین نیشن ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل کا شکریہ اداکیا اورشعبہ کی کارکردگی کو مزید بہتربنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر فیاض الحسن ساہی نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد کی اعلی تعلیم کے میدان میں خدمات کو سراہا۔ بعد ازاں وفد کے شرکا نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود سے ملاقات کی۔