چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی شہریار سلطان کا بلوچستان کا دورہ

108

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی شہریار سلطان نے بلوچستان کا دورہ کیا جہاں پر برف باری سے متاثرہ شاہراہوں پر برف ہٹانے اور ٹریفک کو ہمہ وقت بحال رکھنے کےلئے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔بدھ کونیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان میں حالیہ شدید برف باری سے N-25 اور دیگر رابطہ قومی شاہراہیں شدید متاثر ہوئیں۔

سڑکیں برف باری کی زد میں آگئی تھیں جس سے راستوں کی بندش اور دیگر مسائل سے مسافروں اور اہل علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا تاہم وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی فوری ہدایات پر چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان نے این ایچ اے کے متعلقہ انجنیئرز،ماہرین تعمیر،افسران و عملہ کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے موثر احکامات صادر کئے کہ برف باری سے متاثرہ سڑکوں سے فوری طور پر برف ہٹا کر نہ صرف ٹریفک ہمہ وقت جاری رکھی جائے بلکہ برف باری سے مشکلات سے گھرے مسافروں کی بھی مدد کی جائے۔

چنانچہ این ایچ اے کے متعلقہ افسران و عملہ کی بھرپور کوششیں رنگ لائیں اور برف ہٹانے کا کام جلد مکمل ہوا،ٹریفک بحال کر دی گئی جبکہ متبادل راستے بھی فراہم کئے گئے ہیں اور چیئرمین این ایچ اے قومی شاہراہ N-25 اور دیگر شاہراہوں کا بغور جائزہ لیتے رہے۔

انہوں نے پاک-افغان سرحدتک کے علاقوں کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے این ایچ اے کے افسران وعملہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ہمار ا دل ہے جس کی تعمیر و ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے برف ہٹانے اور سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بحال رکھنے پر عملہ کی تعریف کی اور جملہ کارگزاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔