چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے پودا لگا کر این ایچ اے روڈ نیٹ ورک پر مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کیا

چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے پودا لگا کر این ایچ اے روڈ نیٹ ورک پر مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کیا

140

اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی ( این ایچ اے ) کے چیئرمین شہریار سلطان نے این ایچ اے روڈ نیٹ ورک پر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا ۔ ترجمان این ایچ اے کے مطابق این ایچ اے نے رواں سال اسلام آباد -پشاور موٹر وے(ایم ون) کیرج وے پر 46 ہزار سے زائد درخت اور جنگلی نباتات لگانے اور ان کی افزائش و نشوونما کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس منصوبے کا باقاعدہ آغاز چیئرمین این ایچ اے نے ٹھلیاں ائیرپورٹ کیرج وے پر پودا لگا کر کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ ممبر ایڈمن این ایچ اے منصور اعظم ، ممبر ای سی نسیم خٹک اور دوسرے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر چیئرمین شہریار سلطان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، مزید برآں پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، چنانچہ ماحول کو سر سبز بنانے ، درجہ حرارت میں کمی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کرنے کے لئے شجرکاری کرنے کی قومی ذمہ داری ادا کرنے میں این ایچ اے پیش پیش ہے۔ شجر کاری مہم کے منصوبے کو تین حصوں میں مکمل کیا جائے گا پہلے حصے میں اسلام آباد -پشاور موٹر وے (ایم-ون) پر این آئی آئی اے گیٹ سےٹھلیاں انٹرچینج تک 23000 پودے لگائے جائیں گے جن میں خوردنی زیتون، مقامی پھلدار و سایہ دار درخت اور جنگلاتی پودے شامل ہیں ۔

منصوبے کے دوسرے حصے میں برہان اور برہما باہتر انٹرچینج کے گرد و نواح میں روڈ نیٹ ورکس پر بھی 23 ہزار پودے لگائے جائیں گے جبکہ منصوبے کے تیسرے حصے میں مذکورہ موٹر وے پر اسلام آباد ٹول پلازہ سے برہما باہتر تک کے حصے کو شجر کاری کے ذریعے ماحول دوست، سر سبز اور شاداب بنایا جائے گا ۔ واضح رہے کہ پاکستان میں رواں برس دس کروڑ سے زائد درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔