لاہور۔25مئی (اے پی پی):چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) محمد سعیدنے پیر کے روز تربیلا ڈیم کا دورہ کیا جہاں پراجیکٹ حکام نے انہیں بریفنگ دی ۔ترجمان کے مطابق چیئرمین واپڈا نے اپنے دورے میں تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے پر تعمیراتی پیش رفت اور چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کی لو لیول آئوٹ لیٹ کی ٹیسٹنگ اور کمیشننگ کا مشاہدہ کیا ۔ چیئرمین ارسا امجد سعید، ارسا کی تکنیکی کمیٹی …
چیئرمین واپڈا کا تربیلا ڈیم کا دورہ، تعمیراتی اہداف حاصل کرنے کیلئے تمام اقدامات عمل میں لانے کی ہدایت

مزید خبریں
لاہور۔25مئی (اے پی پی):چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) محمد سعیدنے پیر کے روز تربیلا ڈیم کا دورہ کیا جہاں پراجیکٹ حکام نے انہیں بریفنگ دی ۔ترجمان کے مطابق چیئرمین واپڈا نے اپنے دورے میں تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے پر تعمیراتی پیش رفت اور چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کی لو لیول آئوٹ لیٹ کی ٹیسٹنگ اور کمیشننگ کا مشاہدہ کیا ۔
چیئرمین ارسا امجد سعید، ارسا کی تکنیکی کمیٹی کے ارکان، ممبر واٹر واپڈا اور ممبر پاور واپڈا بھی دورے میں ان کے ہمراہ تھے۔تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کے دورے پر چیئرمین واپڈا کو اہم سائٹس پر پیش رفت بارے بریفنگ دی گئی۔ ان سائٹس میں ان ٹیک سٹرکچر، کنیکٹنگ ٹنل، پاور ہاس، ٹیل ریس اور سوئچ یارڈ شامل ہیں۔ چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ حکام کی تعریف کی اور انہیں ہدایت کی کہ تعمیراتی اہداف حاصل کرنے کیلئے تمام اقدامات عمل میں لائے جائیں تاکہ منصوبہ مزید تاخیر کے بغیر مکمل کیا جا سکے۔بعد ازاں چیئرمین واپڈا کو تربیلا ڈیم اور خانپور ڈیم کے آپریشن اور میٹننس سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی ،جس میں بتایا گیا کہ تربیلا ڈیم اب تک چاروں صوبوں کو زرعی مقاصد کیلئے ذخیرہ کئے گئے پانی سے مجموعی طور پر 419 ملین ایکڑ فٹ پانی اور نیشنل گرڈ کو 586 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی مہیا کرچکاہے۔ تربیلا ڈیم 1974سے اپنے آپریشن کے دوران اب تک پاکستان کی اقتصادیات کو 460 ارب ڈالر کا فائدہ پہنچا چکا ہے۔چیئرمین واپڈا کے تربیلا ڈیم کے دورے کے موقع پر جنرل منیجر تربیلا ڈیم، جنرل منیجر پاور تربیلا، جنرل منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ، ایڈوائزر پراجیکٹس واپڈا ، چوتھے اور پانچویں توسیعی منصوبے کے ایڈوائزر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا چوتھاتوسیعی منصوبہ بھی موجود تھے۔








